…پاکستان بھارت کے ساتھ تمام امورپر مذاکرات کےلئے تیار ہے:ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

Posted on

.پاکستان بھارت کے ساتھ تمام امورپر مذاکرات کےلئے تیار ہے:ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

اسلام آباد : رپورٹ :اصغر علی مبارک سے

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دہشت گردی سمیت تمام امورپر مذاکرات کےلئے تیار ہے پاکستان کی ضبط و تحمل کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال پر ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات معمول بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دہشت گردی سمیت تمام امورپر مذاکرات کےلئے تیار ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ الزام تراشی بھارت کا معمول ہے اور کسی بھی واقعے پر آنکھ جھپکے بغیر پاکستان پر الزام عائد کرنا اس کی دوسری عادت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ یقین ہے کہ اس منفی پروپیگنڈے سے نہ عالمی برادری اور نہ ہی بھارتی عوام کو گمراہ کیا جاسکتا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی حالیہ رپوٹوں جس میں اجمل قصاب کو بھارتی شہری قرار دیاگیا ہے ، سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ ان رپورٹس سے اس حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے پہلے سے ظاہر کئے گئے خدشات کو مزید تقویت ملی ہے۔
یک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کےعوام کے خلاف جاری بربریت کے بارے میں مسلسل آواز اٹھارہا ہے اور وہ مستقبل میں بھی اس حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے ان نامناسب بیانات کا سخت نوٹس لیا ہےترجمان نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ خفیہ معلومات کے حوالے سے تعاون کیا ہے جس کے نتیجے میں القاعدہ کی اعلیٰ قیادت کو گرفتار اور ہلاک کرنے میں مدد ملی ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کو توقع ہے کہ افغان حکام ایس پی طاہرخان داوڑ کے قتل کی تحقیقات کریں گے۔

Leave a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.